جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی یاسین ملک کی رہائی کے لیے اقوام متحدہ میں درخواست

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (JKLF) نے 29 اکتوبر کو برطانیہ میں قائم ایک بین الاقوامی قانونی فرم "33 Bedford Row Barrister’s Chambers” کے ذریعے ہندوستانی حکومت کے خلاف ایک درخواست دائر کی ہے جس میں غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی گرفتاری، غیر قانونی سزا، جانبدار عدالتی کارروائیوں اور جیل میں عدم طبی سہولیات سمیت موت کی سزا کے خلاف اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ (UNWGAD) کو چیلنج کیا گیا ہے جو گزشتہ چھ سالوں سے زائد عرصے سے بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید تنہائی میں بند ہیں۔

معروف وکلاء ٹیم کی قیادت قابل اور تجربہ کار بین الاقوامی قانون کے ماہر بیرسٹر طارق محمود کر رہے ہیں اور اس کی معاونت بیرسٹر کارل بکلی اور بیرسٹر اقصیٰ حسین کر رہے ہیں۔

وکلاء کی ٹیم برطانیہ میں مقیم لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں پروفیسر راجہ ظفر خان، صابر گل اور لیاقت علی لون کے ساتھ موجود تھی جنہوں نے گزشتہ روز لندن میں ان کے لاء چیمبر میں ایک پریس کانفرنس میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لبریشن فرنٹ کی قیادت کی رضامندی کے بعد یاسین ملک کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔

پارٹی کے سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے پریس کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مذکورہ درخواست میں وکلاء کی ٹیم نے ہندوستانی عدالتی نظام اور این آئی اے کی جانب سے یاسین ملک کے خلاف دائر مقدمات پر ہونے والے فیصلوں پر سوالات اٹھائے۔

بیان کے مطابق بیرسٹر طارق محمود نے میڈیا کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پٹیشن میں یاسین ملک کو انصاف کی فراہمی میں یو این ڈبلیو جی سے مدد مانگی گئی ہے جنہوں نے جموں کشمیر کے پرامن حل میں زبردست کردار ادا کیا ہے۔ بیرسٹر کارل بکلے اور بیرسٹر اقصیٰ حسین نے بھی درخواست کے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی۔

رفیق ڈار نے اپنے بیان میں بتایا کہ لبریشن فرنٹ ڈپلومیٹک بیورو کے سربراہ پروفیسر راجہ ظفر خان، مرکزی چیف آرگنائزر صابر گل اور برطانیہ کے صدر لیاقت علی لون نے میڈیا کو یاسین ملک کے ساتھ قید کے دوران ہونے والی ناانصافیوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے جموں کشمیر کی جدوجہد آزادی کا بھی تفصیلی بیان دیا اور کہا کہ جموں کشمیر کا منصفانہ، پرامن، جمہوری اور مستقل حل ضروری ہے تاکہ خطے میں امن بحال ہو سکے۔

تعارف: رانا علی زوہیب

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*