مائیگرنٹ ریسورس سینٹر (MRC) اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، پنجاب نے مشترکہ طور پر گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ لاہور میں محفوظ اور قانونی ہجرت پر ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس سیشن میں لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ ، پنجاب جاب پلیسمینٹ کی جانب سے طیب ریاض سوشل میڈیا ایکسپرٹ ، رابعہ طارق پروگرام مینیجر اور عمار یوسف پروگرام آفیسر نے خصوصی شرکت کی۔
یہ سیشن بیرون ملک ملازمت، تعلیم اور رہائش کے خواہشمند افراد کو مستند معلومات فراہم کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تاکہ وہ غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے آگاہ ہو سکیں اور محفوظ و قانونی راستے کا انتخاب کریں۔
ایم آر سی کاونسلر عمر شہزاد نے سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ہجرت کا ارادہ رکھتے ہیں تو ہمیشہ قانونی ذرائع اپنائیں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ زیادہ تر افراد بہتر مستقبل کے لیے ہجرت کا فیصلہ کرتے ہیں، لیکن مستند معلومات کی کمی کی وجہ سے وہ غیر قانونی راستے اختیار کر لیتے ہیں۔
ایم آرسی کاونسلر فرحان محمود نے کہا کہ بعض افراد یہ سمجھتے ہیں کہ غیر قانونی طریقوں سے کم اخراجات میں اور جلد اپنی منزل تک پہنچا جا سکتا ہے، جبکہ حقیقت میں یہ راستے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ محفوظ ہجرت کے لیے ہمیشہ حکومت سے رجسٹرڈ اور لائسنس یافتہ بھرتی ایجنسیوں یا حکومت کے قائم کردہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن سے رابطہ کریں۔
ایم آر سی کاونسلرز نے مزید بتایا کہ مائیگرنٹ ریسورس سینٹر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں ایسے آگاہی سیشنز منعقد کر رہا ہے تاکہ لوگوں کو قانونی اور محفوظ ہجرت سے متعلق تمام معلومات مفت فراہم کی جا سکیں۔
اساتذہ اور طلباء نے اس سیشن کو نہایت مفید قرار دیا اور کہا کہ انہیں محفوظ ہجرت کے حوالے سے بہت سی نئی اور کارآمد معلومات حاصل ہوئیں۔ انہوں نے ایم آر سی کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے آگاہی سیشنز منعقد کیے جاتے رہیں گے
ایم آرسی پاکستان کے بارے میں
مائیگرنٹ ریسورس سنٹر 2016 میں بیرون ِ ملک جانے والے خواہشمند افراد کی رہنمائی کے لیے پشاور، اسلام آباد میں وزارتِ سمندر پارپاکستانی و ترقی و انسانی وسائل اور لاہور میں محکمہ لیبر وانسانی وسائل، حکومتِ پنجاب کی سرپرستی میں قائم کیا گیا۔ایم آرسی، انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمینٹ کا ایک ذیلی ادارہ ہے اور اس کی مالی معاونت یورپی یونین کر رہی ہے۔ ایم آرسی بیرون ِ ملک جانے کے خواہشمند افراد کو ہجرت سے متعلق تمام معلومات اور رہنمائی مفت فراہم کرتا ہے،تاکہ وہ بیرونِ ملک جانے کے لیے بہتر اور محفوظ فیصلہ کرسکیں۔ ذاتی مشاورت،روانگی سے قبل معلوماتی سیشن، تعلیم و فنی اداروں کے ذریعے آگاہی پروگرام کا انعقاد کرنا اسکی بنیادی خدمات میں شامل ہے
ڈسکلیمر/نوٹ:
یہ معلوماتی مواد مائیگرنٹ ریسورس سنٹر نے مرتب کیا ہے ۔ یورپی کمیشن اس میں موجود معلومات کے استعمال کی کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا ہے