دھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ ہسپتال کی تعمیر پر سردار حبیب خان کو قیوم راجہ کا خراج تحسین

ہجیرہ: حریت پسند رہنماء اور جموں کشمیر پبلک ڈپلومیسی کے چیئرمین قیوم راجہ نے گزشتہ روز پونچھ سیکٹر میں سیز فائر لائن کے قریب ایک پسماندہ گائوں دھر میں تعمیر ہونے والے ہسپتال الحبیب کا وزٹ کیا جہاں ڈاکٹر ذیشان اور ڈاکٹر عائشہ نے بریفننگ میں بتایا کہ ایک سال قبل تعمیر ہونے والے ہسپتال میں 24 گھنٹے ایمرجنسی سروس، لیب اور فارمیسی کھلی رہتی ہے جبکہ ہر اتوار کو آئی سپیشلسٹ ، چائلڈ سپیشلسٹ اور گائناکالوجسٹ غریب مریضوں کا مفت چیک اپ کرتے ہیں اور حسب ضرورت آنکھوں کے آپریشن اور سرجری کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ قیوم راجہ نے الحبیب ہسپتال کے بانی سردار حبیب خان اور اس ہسپتال کو کامیابی کے ساتھ چلانے والی میڈیکل ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری لوگ اکثر بڑے شہروں کی بڑی مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں لیکن سردار حبیب خان نے کراچی شہر میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے بجائے اپنے پسماندہ علاقے کے لوگوں کے لیے ایک ویلفئیر میڈیکل سینٹر قائم کر کے انسانیت پسندی کا ثبوت دیا ہے جبکہ آج کل ڈاکٹرز بھی خوب سے خوب تر کی تلاش میں ترقی یافتہ ملکوں کا رخ کرتے ہیں لیکن منڈھول کے ڈاکٹر ذیشان اور ہجیرہ کی ڈاکٹر عائشہ نے بیرون ملک تعلیم حاصل کر کے واپس اپنے علاقے میں ا کر اپنے لوگوں کی خدمت کا فیصلہ کیا جس کے لیے وہ بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ قیوم راجہ نے صاحب ثروت افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی انسانی خدمت کے جذبے کے تحت قائم کیے جانے والے ایسی طبی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیسے کی کمی نہیں ہے۔ صرف ترجیحات درست کرنے کی ضرورت ہے۔

تعارف: رانا علی زوہیب

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*