اسلام آباد: ثقافتی قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران اسلام آباد نے مجلس وحدت مسلمین کے اشتراک سے ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا اس کانفرنس میں شیعہ سنی علماء، دانشوروں اور عمائدین نے خطاب کیا۔ جناب عزت مآب ڈاکٹر رضا امیری مقدم سفیر اسلامی جمہوریہ ایران اسلام آباد اس کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے۔
مقررین نےبھرپور انداز میں سویڈن میں حکومت کی سرپرستی قرآن مقدس کی توہین کی مذمت کی۔ کانفرنس کے آغاز میں جناب احسان خزاعی ثقافتی قونصلر سفارت اسلامی جمہوریہ ایران نے خیرمقدمی کلمات کہے اور کہا کہ قرآن مقدس کی توہین کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے یہ فقط مسلمانوں کے اتحاد سے ہی ممکن ہے۔ ایران سے خصوصی طور پر اس کانفرنس کے لیے تشریف لائے ہوئے مہمان مقررجناب آیت اللہ ڈاکٹر احمد مبلغی رکن مجلس خبرگان رہبری ایران نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اس عظیم الشان تکریم و عظمت قرآن کانفرنس کے انعقاد پر ثقافتی قونصلیٹ سفارت اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا انہوں نے اس اسلام ہراسی کی شوم حرکت کے سامنے مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا اور پاکستان و ایران کے مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کو سراہا اور انہوں نے تجویز دی کہ فلسفہ تقدیس کے عنوان سے تمام یونیورسٹیوں میں خصوصی طور پر اس مضمون کی تعلیم دی جائے اور قرآن مجید مسلمانوں کی مشترکہ کتاب ہے لہٰذا تمام مسلمانوں کو حرمت قرآن کے لیے متحد ہوجانا چاہیے۔
سفیر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام دنیا کے مسلمان اس شرمناک حرکت پر حیرت زدہ ہیں اور دنیا کے دو ارب مسلمانوں کو اکٹھا ہوکر کتاب مقدس قرآن کی توہین پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ گذشتہ چھ ماہ کے اندر چھ مرتبہ مختلف مغربی ممالک میں قرآن جیسی مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بےحرمتی کی گئی لہٰذا تمام ادیان کے علما کو چاہیے کہ اس شدت پسندی کے فعل کو روکیں اور میں حکومت پاکستان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے ۷ جولائی کو قرآن مجید کی بےحرمتی کے خلاف یوم تکریم قرآن منا کر اس اقدام بےحرمتی قرآن کی مذمت کی اور اس سلسلے میں مغربی ممالک کے سربراہ کیوں خاموش ہیں اور توہین کرنے والے کے خلاف کوئی اقدام نہیں کرتے ۔
اس کانفرنس سے صاحبزادہ گل بادشاہ آف موہڑہ شریف، علامہ سید جہانگیر شاہ سعیدی، مفتی عقیل الرحمن، علامہ میر اشتیاق میر نمایندہ منہاج القرآن پاکستان، علامہ سید افتخار حسین نقوی، علامہ عارف حسن واحدی، جناب ناصر شیرازی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین و مسیحی و ہندو نمایندوں نے بھی خطاب کیا اس کانفرنس میں قرآن مجید کے نایاب قلمی نسخوں کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ جس کو میڈیا نے بھرپور کوریج دی۔
کانفرنس کے اختتام پر مذمتی قرارداد بسلسلہ توہین کتاب مقدس قرآن بھی پاس کی گئی۔