یورپی ممالک کی حکومتوں اور سیکورٹی اداروں کی اسلام دشمنی واضح ہوئی، مہدی ایمان پور
اسلام آباد: ایران نے کہا ہے کہ مسلمانان عالم سویڈن میں قرآن کی اہانت پر خاموش نہیں رہیں گے۔ قرآن کی بے حرمتی سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسلام اباد میں ایرانی کلچرل سینٹر کے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات اسلامک کلچر اینڈ ریلیشنز آرگنائزیشن ایران کے سربراہ محمد مہدی ایمانی پورنے ایک مذمتی بیان میں کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ سویڈن کی عدالت کے حالیہ اقدام نے اسلام مخالف انتہا پسندوں کو آزادی اظہار رائے کے نام قرآن پاک کی توہین کرنے کی اجازت دی۔ اس سے یورپی ملک کی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی واضح اسلام دشمنی ایک بار پھر آشکار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ جہاں سویڈش حکام نے مسلمانوں کی مقدس کتاب کے نذر آتش کرنے کو "آزادی اظہاررائے” قرار دیا ہے، وہیں اس جارحانہ اور ناقابل برداشت عمل کے خلاف احتجاج کو "آزادی اظہار کی خلاف ورزی” قرار دیا جار رہا ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سویڈن میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر دنیابھر کے مسلمان کبھی خاموش نہیں رہیں گے۔ مہدی ایمان پور نے کہا کہ اسلامک کلچر اینڈ ریلیشنز آرگنائزیشن سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور سویڈن کی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ قرآن مخالف اجتماعات کو روکے اور دنیا بھر کے مسلمانوں سے ان کے مذہبی مقدسات کو پامال کرنے اور ان کے مذہبی جذبات کی توہین کرنے پر معافی مانگے۔