اسلام آباد: پیس اینڈ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے اسلام آباد میں چار روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی دارالحکومت سمیت صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور شہروں سے پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور سوشل میڈیا سے وابستہ میڈیا انفلوئنسرز نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق تربیتی ورکشاپ میں مختلف مذہبی موضوعات اقلیتی امور اور سماجی ہم آہنگی پر کام کرنے والے خواتین و حضرات شامل تھے۔ شرکاء نے امن و روادای کے فروغ کیلئے موثر کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔
ورکشاپ کا مقصد مختلف عقائد اور طبقات فکر سے وابستہ میڈیا موثران (انفلونسرز ) کی استعداد کار میں اضافہ کرنا تھا تاکہ وہ ہم آہنگی اور امن کے بیانئے کو مختلف میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فروغ دے سکیں۔
ورکشاپ کے چاروں روز تربیت کاروں اور سینئر صحافیوں نے اپنے سیشنز میں الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کی اہمیت، جرنلزم کے آداب، میڈیا قوانین ،سماجی بیانئے اور میڈیا کا کردار، فیک نیوز اور تنقید ی فکر، میڈیا اور امن و رواداری کے فروغ کیلئے درکا میڈیا مہارتیں اور امن و رواداری کیلئے میڈیا سیڈ پروجیکٹس کی تشکیل کی عملی سرگرمیاں کیں۔
ورکشاپ میں معروف صحافی رشاد بخاری نے فیک نیوز اور اس کے سدباب کیلئے درکار پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے متعلق بات کی جبکہ رحمان اظہر نے میڈیا قوانین کے حوالے سے شرکاء سے گفتگو کی۔
ادارہ امن و تعلیم کے ڈائریکٹر اور سوشل ڈویلپمنٹ ریسرچر غلام مرتضیٰ نے ورکشاپ کے مقاصد کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ورکشاپ کے ذریعے معاشرے میں بڑھتی انتہاپسندی کو روکنے کی کوشش کیلئے میڈیا انفلوئنسرز کے استعداد کار میں اضافہ کرنا اور میڈیا سیڈ پروجیکٹس کے ذریعے امن کے پیغام کو عوام تک مزید موثر انداز میں پہنچانا چاہتے ہیں۔
ورکشاپ میں معروف ٹرینر ڈاکٹر محمد حسین نے شرکاءسے معاشرے میں بڑھتی تشدد پسندی کو سماجی سطح پر تعلیم و تفہیم کے ذریعے روکنے کے حوالے سے گفتگو کی۔ میڈیا ٹرینر و معروف اینکرپرسن سبوخ سید نے تنقیدی فکر کے ذریعے صحافتی فرائض کی ذمہ دارانہ انجام دہی پر مشق کروائی جبکہ ڈیجیٹل میڈیا ٹرینر سمیر علی خان نے سوشل میڈیا کے استعمال کے تکنیکی مہارتوں پر سیشن کیا، معروف تربیت کار اور سماجی دانشور رشاد بخاری نے میڈیا اور سماجی بیانیوں کے حوالے سے شرکاءکے ساتھ سیشن کیا۔ شرکاء نے مختلف پراجیکٹس کے ذریعے اپنی دلچسپی اور عزم کا اظہار کیا اور مستقبل میں امن و رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنی پیشہ ورانہ زمہ داریوں کو بحسن وخوبی ادا کریں گے۔
اختتامی تقریب میں پریزیڈنٹ ریڈیو پاکستان منظور کامران اور ڈائریکٹر غلام مرتضی نے اظہار خیال کیا اور شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ ورکشاپ کے شرکاءاور مہمانوں نے اپنے تاثرات ادارہ امن وتعلیم کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے امن و رواداری کے فروغ کیلئے میڈیا کے موثر استعمال کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور اس حوالے سے اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی دلائی۔