اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پیر کو تاجکستان کے شہر دوشنبے میں ‘ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ اس کانفرنس کا مقصد افغانستان پر علاققئی تعاون ہے۔ بھارت بھی اس کانفرنس کا حصہ ہے۔
تاہم دوشنبے روانہ ہونے سے قبل پاکستانی وزیر خارجہ نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ان کی وہاں بھارتی وزیر خارجہ کے ساتھ نہ ان کی کوئی ملاقات طے ہے اور نہ ہی اس کی درخواست کی گئی ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کی طرف سے ابھی اس پرکوئی واضح بیان سامنا نہیں آیا۔
دونوں ملکوں کے تعلقات میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں خیال کیا جا رہا تھا کہ شاید ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس میں شرکت کے دوران دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ ملاقات کریں گے۔
ان اطلاعات کو دفتر خارجہ کے اس بیان سے بھی تقویت ملی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ اس اہم کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی ”اہم علاقائی اور بین الاقوامی پارٹنرز سے مشاورت کریں گے۔