خوفزدہ سیاست : سعدیہ خالد

جیسے ہی اگلے انتخابات کا اعلان ہوا ہے انگلش زبان کی اصطلاح ”لیول پلیئنگ فیلڈ“ آج کل میڈیا اور سیاسی جماعتوں میں زبان زدِ عام ہے، یہ بات 21 اکتوبر کے بعد زیادہ زور و شور سے سنائی دے رہہی ہے نواز شریف کی وطن واپسی اور مینارِ پاکستان پر تاریخ ساز اجتماع سے خطاب کے بعد سے ہر طرف یہی شور برپا ہے۔

کچھ سیاسی جماعتوں کی جانب سے یہ کہنا بھی شروع کر دیا گیا ہے کہ ان کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جا رہی جبکہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف کو آؤٹ آف دی وے فیور دی جا رہی ہے۔

وقت کے پہیے کو 26 برس پیچھے کی جانب گھماتے ہیں، 1997 میں نواز شریف پاکستان کے دوسری مرتبہ وزیراعظم منتخب ہوئے، ان کو 1999 میں اس وقت کے آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے مارشل لاء لگا کر نہ صرف عہدے سے ہٹا دیا بلکہ پہلے پابندِ سلاسل کیا اور پھر دس برس کیلئے پوری فیملی سمیت ملک بدر بھی کر دیا۔ کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

نواز شریف کو وزارت عظمی سے 99 میں ہٹاکر جیل بھیجنا ”لیول پلیئنگ فیلڈ“ تھا یا2002، 2008 کا الیکشن لڑنے نہ دینا ”لیول پلیئنگ فیلڈ۔“؟

جب 2008 میں سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک بھر میں الیکشن ہوئے تو اس وقت بھی نواز شریف الیکشن نہ لڑ سکے کیونکہ ان کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دے رکھا تھا، کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

2002 میں جب ملک میں عام انتخابات ہوئے تو نواز شریف کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ وہ ملک بدر تھے۔ کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

پھر 2013 میں جب انتخابات ہوئے تو نواز شریف نے بالآخر تقریباً سولہ برس بعد الیکشن میں حصہ لیا جس کے نتیجہ میں مسلم لیگ ن کو کامیابی ملی اور وہ وفاق میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو گئی، نواز شریف وزیراعظم بن گئے. تقریباً ساڑھے تین برس بعد ہی پانامہ کا ڈرامہ رچا کر نہ صرف نواز شریف کو وزارتِ عظمٰی سے ہٹا دیا گیا بلکہ پارٹی صدارت چھین کر تاحیات سیاست سے بھی نااہل قرار دے دیا گیا، کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

2017 میں وزارت عظمی سے بےدخل کرکے تاحیات نااہل کرنا بیٹی سمیت جیل بھیجنا ”لیول پلیئنگ فیلڈ“ تھا؟

نواز شریف کی اہلیہ بیمار ہوئیں،کینسر کا علاج کروانے لندن گئیں، ان کی وہاں حالت بگڑ گئی.نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز شریف کے ساتھ اہلیہ کی تیمارداری کیلئے لندن گئے،اسی دوران پاکستان میں نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز شریف کو انکی غیرموجودگی میں سزا سنا دی گئی، کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

یہ جانتے ہوئے بھی کہ انکو وطن واپسی پر گرفتار کر لیا جائے گا، نواز شریف اپنی بیوی کو ڈیتھ بیڈ پر چھوڑ کر سزاؤں کا سامنے کرنے کیلئے پاکستان واپس آنے لگے تو ان کی بیٹی مریم نواز نے کہا کہ آپ اکیلے نہیں جائیں گے بلکہ میں بھی آپ کے ساتھ جاؤں گی ائیرپورٹ سے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر کے سیدھا جیل لے جایا گیا اور باپ بیٹی کو کال کوٹھڑیوں میں قید کر دیا گیا حالانکہ مریم نواز کے پاس کبھی کوئی حکومتی عہدہ بھی نہیں رہا تھا، کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

2018 کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر نواز شریف حصہ نہ لے سکے کیونکہ ان کو تاحیات نااہل قرار دے کر ان کی بیٹی مریم نواز کے ساتھ پابندِ سلاسل کیا جا چکا تھا جبکہ اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے اپنے لاڈلے عمران خان کو ہر قسم کی مدد اور سہولت فراہم کی تاکہ کسی بھی طرح وہ وزیراعظم بن جائے، کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

مریم نواز اپنے والد نواز شریف سے جیل ملنے گئیں تو ان کو دوبارہ والد کی نظروں کے سامنے والد کو تکلیف پہنچانے کیلئے گرفتارکر لیا گیا، کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

نواز شریف کی دورانِ قید جیل میں جب طبیعت بگڑی اور اس وقت کی عمرانی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے تو انہیں علاج کیلئے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دے دی گئی لیکن اسی دوران ان کی بیٹی مریم نواز، ان کے بھائی شہباز شریف اور پارٹی کے دیگر راہنماؤں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید رکھا گیا، کیا اس چیز کا نام لیول پلیئنگ فیلڈ ہے؟

جب 21 اکتوبر 2023 کو نواز شریف کی وطن واپسی ہوئی اور مینارِ پاکستان پر ملکی تاریخ کا ایک بہت بڑا جلسہ منعقد ہوا جس میں پاکستان کے طول و عرض سے لوگ نواز شریف کا استقبال کرنے پہنچے تو اس کو دیکھ کر سیاسی جماعتوں اور لیڈرز کو لیول پلیئنگ فیلڈ یاد آ گئی۔

کیا لیول پلیئنگ فیلڈ کے پیچھے انکا یہ چھپا ہوا خوف تو نہیں کہ نواز شریف نے اس مرتبہ مسلم لیگ کی الیکشن کمپیئن خود لیڈ کرنی ہے اور عوام نواز شریف کو ہی ووٹ دیں گے؟عوامی رائے کی ایک جھلک 21 اکتوبر کو پورا ملک دیکھ چکا ہے شاید یہی خوف سیاسی جماعتوں اور میڈیا میں موجود نواز شریف کے تمام مخالفین کے دِلوں میں اب بیٹھتا جا رہا ہے۔

تعارف: سعدیہ خالد

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*