تعریف یا تنقید کسی بھی کام کے نتائج پر اپنا ایک اثر رکھتی ہے، کسی اچھے کام پر اگر آپ کو محض چند تعریفی جملے سننے کو مل جائیں تو نہ صرف یہ کہ آپ کو خوشی ہوتی ہے بلکہ یہ تعریف مستقبل میں آپ کے اندر مزید کام کی لگن پیدا کرتی ہے اور ناکامی کا خوف دل سے نکال دیتی ہے۔۔۔۔ جبکہ تنقید اگر مثبت ہو تو سننے والے کو اس پر غور کرنا چاہیئے اور مستقبل میں ان وجوہات پر کام کرنا چاہیئے جن کی وجہ سے اس کو یہ تنقید سننی اور برداشت کرنی پڑی۔
گزشتہ چند برسوں میں نوجوان نسل نے روزگار کے بہت سے نئے طریقے اپنائے، ان ہی طریقوں میں سے ایک طریقہ یوٹیوب چینل بھی ہے، یوٹیوب چینلز کے ذریعے بہت سے نوجوان بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور ساتھ ساتھ ایک معقول آمدن بھی حاصل کر رہے ہیں، تعریف اور تنقید کے معیار یہاں پر بھی عام زندگی سے کچھ مختلف نہیں ہیں۔۔۔۔ ایک ذہین اور قابل لڑکا اگر اپنے یوٹیوب چینل پر ہمیں کوئی ایسی بات بتائے جس سے ہمیں بہت سے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں تو عموماً ہم پوری ویڈیو دیکھنے کے بعد "جھوٹ بول رہا ہے, میرے ماموں کے بیٹے نے بھی ایسا کیا تھا اس کو تو نقصان ہوا تھا” جیسے تبصروں سے اس کو نوازتے ہیں، جبکہ کسی دوسرے یوٹیوب چینل پر اگر کوئی دوشیزہ ہمیں یہ بتائے کہ اس نے آج صبح صبح اٹھ کر انڈہ ابالا اور اس کے ساتھ ناشتہ کیا تو تعریف اور تحسین کا ایک تانتا بندھ جاتا ہے، wow, amazing, keep it up, so proud of you جیسے مختلف جملے آپ کو اس ابلے ہوئے انڈے والی ویڈیو کے نیچے کمینٹس میں ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے فوراً بعد دیکھنے کو ملیں گے، کچھ منچلے تو کمینٹس میں اس دوشیزہ کا واٹس ایپ نمبر بھی یہ کہہ کر مانگ لیتے ہیں کہ وہ اس دوشیزہ کے بہت بڑے فین ہیں اور اس سے انڈے ابالنا سیکھنا چاہتے ہیں۔
اگر کوئی لڑکا یوٹیوب پر اپنی ویڈیو میں یہ بتائے کہ وہ کل نوکری تلاش کرنے کے لیئے نکلا تو اس کو کس قسم کے سوالات کا سامنا کرنا پڑا، کون کون سے کاغذات ایسے ہیں جن کا ساتھ رکھنا ضروری ہے اور CV/Resume کو کس طرح بہتر انداز میں بنایا جا سکتا ہے تو اس ویڈیو کے نیچے اس کو نالائق ہونے کے طعنے، اس کے تجربات کو ناقص قرار دینے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے اور ساتھ چند ایسے کمینٹس بھی داغ دیئے جاتے ہیں جو اس نوجوان کو سٹریس اور ڈپریشن کا مریض بنانے کے لیئے کافی ہوتے ہیں۔۔۔ دوسری جانب اگر ایک نوجوان لڑکی یوٹیوب چینل پر یہ بتائے کہ اس نے نیا لان کا سوٹ خریدا ہے تو نا صرف یہ کہ اس کی ویڈیو کو بھرپور سراہا جاتا ہے بلکہ اس کی خوبصورتی پر چند اشعار بھی پیش کر دیئے جاتے ہیں، دوکان کا پتہ اور دوپٹہ کے رنگ کے لیئے مفت مشورے بھی فراہم کر دیئے جاتے ہیں۔۔۔۔
یہی وجہ ہے کہ یوٹیوب پر بھی صنف نازک آپ کو چھائی ہوئی نظر آئے گی، وہ سیڑھیوں سے چھت پر نکلتے ہوئے ایک خاص انداز میں دوپٹہ کندھے پر جھٹکے گی اور اس چند سیکنڈ کی ویڈیو کو لوگ (یہاں لوگوں سے مراد یقیناً مرد حضرات ہیں) چند ہی منٹوں میں بار بار دیکھ کر گھنٹوں کا واچ ٹائم پورا کر دیں گے بلکہ جن کے پاس پیسے نہیں بھی ہوں گے وہ گھر کے راشن کے پیسے چرا کر موبائل پیکج کروا کر اپنے محسن کو خراج تحسین پیش کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ اور ایک ذہین لڑکا جس نے یوٹیوب چینل پر کبھی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہوگا آخرکار چھ ماہ بعد بھی چینل مونیٹائز نہ ہونے کے بعد گلی کے کونے پر آلو کے چپس لگا کر کھڑا ہوگا اور ہر آنے والے کو یہی سمجھاتا پھرے گا "جو بھی ہو اپنے کاروبار میں جو بات ہے وہ نوکری یا سوشل میڈیا پر کام کرنے میں نہیں”.
میرا ذاتی خیال ہے کہ ہمیں ہر اچھے کام پر تعریف اور حوصلہ افزائی کرنا سیکھنی چاہیئے خواہ کرنے والے کا تعلق کسی بھی صنف سے ہو، سوشل میڈیا پر لڑکیوں کی تعریف ضرور کریں لیکن ساتھ ہی لڑکوں کی کچھ حوصلہ افزائی بھی کر دیں کہ آلو جتنے مہنگے ہوتے جا رہے ہیں مستقبل میں چپس بیچنا بھی ایک سفید پوش انسان کے لیئے ممکن نہ ہوگا۔