لاہور ( راحت مصطفیٰ ) عرش سائنس اکیڈمی واپڈا ٹاون کیمپس کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کے وفد نے پرنسپل پروفیسر اعجاز احمد کی سربراہی میں دبستانِ اقبال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جناب میاں اقبال صلاح الدین نے فکر اقبال اور علامہ کے کام کی مختلف جہتوں پر سیر حاصل گفتگو کی اور بچوں کو خودی کا مفہوم سمجھایا.
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بچوں کو نئے دور کے تقاضوں کو سمجھنے اور تحقیق کے شعبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے اساتذہ کو ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کرنے کی تلقین کی اور اس بات کی یقین دہانی کروائی کے عرش سائنس اکیڈمی واپڈا ٹاون کیمپس کے طالب علموں کے لیے ان کے ادارے کے دروازے ہر وقت کھلے رہیں گے.
لیکچر کے اختتام پر شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا وافر انتظام کیا گیا تھا اور گروپ فوٹو کے بعد میاں اقبال صاحب نے طالب علموں کو تحائف دے کر رخصت کیا.
دبستانِ اقبال کی بنیاد 2012 میں اقبال کے فلسفہ خودی میں ایک نئی روح پھونکنے اور اسے نوجوانوں کے دلوں تک پہنچانے کے لیے رکھی گئی تھی۔ گلبرگ میں واقع اس ادارے کے دروازے تمام علم کے پیاسوں کے لیے کھلے رہتے ہیں۔ یہ ادارہ علامہ اقبال کے فلسفے کو کیسے عملی طور پر رائج کر کے اس سے فائدہ اٹھایا جائے اس بارے میں ہماری راہ نمائی کرتا ہے۔