ممتاز حریت پسند رہنما قیوم راجہ کی سرپرستی میں لبریشن فرنٹ کھوئی رٹہ کا اعلان آزادی کنوینشن

کھوئی رٹہ (نمائندہ خصوصی) ممتاز حریت پسند رہنما قیوم راجہ کی سرپرستی میں لبریشن فرنٹ کھوئی رٹہ کا اعلان آزادی کنوینشن جس میں آزاد کشمیر بھر سے زونل قیادت کارکنان کی بھاری تعداد اور مبصرین نے شرکت کی ۔ کنونشن میں عابد راجوروی صدر، افتخار بٹ نائب صدر، شکیل بٹ جنرل سیکریٹری اور شوکت محمود جرال سیکرٹری مالیات منتخب ہوئے ۔پلندری کنونشن کے اعلانِ آزادی کے مطابق ریاست سے پاک بھارت افواج کے انخلاء اور مکمل آزادی کی جدوجہد کو عوامی حمایت سے کامیاب کرنے کا عہد کیا گیا۔

لبریشن فرنٹ قابض ممالک کے ریاستی جبر و تشدد کت تمام حربے ناکام بنائے گا۔73سالہ غلامی کی تاریخ بتاتی ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادیں اور شملہ معاہدہ جیسے مکروہ معاہدے مسئلہ جموں کشمیر حل کرنے میں ناکام ہیں۔عوام تحریکِ آزادی اور قومی وقار کا سودا لگانے والوں کے بجائے قومی غیرت و حمیت کیلئے جدوجہد کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ریاست کی تقسیم ہماری تاریخی قربانیوں کو دفن کرنے کے مترادف ہو گی۔ آزادی کی جدوجہد ہماری آنیوالی نسلوں کی بقا کی جدوجہد ہے۔ دہلی اور اسلام آباد ریاست کے عوام کو تشدد اور دہشت گردی پر اکسا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں۔پرامن عوامی مزاحمت کے ذریعے قابضین کو ریاست سے باہر نکالیں گے۔ زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، قیوم راجہ، توصیف جرال، سعد انصاری، ایاز کریم اور دیگر کا کنونشن سے خطاب۔۔ کنونشن کی صدارت تحصیل صدر عابد راجوروی نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی تھے، سٹیج سیکریٹری کے فرائض شکیل بٹ اور سعد گروال نے انجام دیے۔کنونشن میں سینکڑوں کی تعداد میں لبریشن فرنٹ اور سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ کے کارکنان نے شرکت کی۔

زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی اور انکے قافلے کا بائی پاس چوک میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، ممبر سپریم کونسل اور زونل سفارتی شعبے کے سربراہ قیوم راجہ، زونل سینئر نائب صدر توصیف جرال ایڈوکیٹ، زونل ترجمان سعد انصاری ایڈوکیٹ، ممبر سپریم کونسل شکیل چودھری ایڈوکیٹ، ضلعی صدر ایاز کریم، زونل وومن سیکریٹری طاہرہ توقیر، نو منتخب تحصیل صدر عابد راجوروی اور دیگر نے کہا کہ تحصیل کھوئیرٹہ کا قومی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ نمایاں کردار رہا ہے۔ تحصیل کھوئیرٹہ سے قومی آزادی کی اس جدوجہد میں قربانیوں کی عظیم مثالیں قائم کی گئی ہیں۔مقررین نے کہا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ 4ستمبر کے پلندری زونل کنونشن کے اعلانِ آزادی کے عین مطابق ریاست جموں کشمیر سے پاک بھارت افواج کے مکمل انخلاء اور منقسم ریاست کی وحدت کی بحالی و مکمل آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور اس مقدس جدوجہد کو ریاست کے عوام کی حمایت سے کامیابی کی منزل کی طرف لے جایا جائے گا۔مقررین نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد مشکلات برداشت کرنے اور قربانیوں کے تسلسل کو جاری رکھنے سے کامیاب ہو تی ہے اور لبریشن فرنٹ قابض ممالک کے ہر طرح کے ریاستی، فوجی، سیاسی و سماجی جبر کا مقابلہ کرتے ہوئے قابضین کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ریاست جموں کشمیر کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں اور ریاست کے دونوں منقسم حصوں میں موجود روایتی سیاسی لیڈرشپ بھارت اور پاکستان کے حکمران طبقے کی لونڈی بن کر رہ گئی ہے۔ عوام کو ان بجٹ خوروں، آزادی دشمنوں اور مفاد پرستوں کے چنگل سے نکل کر محب وطن اور آزادی کی جدوجہد کرنے والے قافلے کے ساتھ جڑنا ہوگا۔ریاست کے تاریخی تشخص پر اپنے لولے لنگڑے اقتدار کی عمارت تعمیر کرنے اور عوام کے بنیادی حقوق پامال کرنے والوں کو پہچاننا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کو اس ریاست کے ہر مرد و زن کے ساتھ کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے بڑوں کی دعاؤں، ماؤں کے شفقت بھرے ہاتھوں، بھائیوں کے پرجوش ساتھ،اور بہنوں کی محبت درکار ہے۔ گھر بیٹھ کر آزادی نہیں ملتی اور نہ ہی کوئی قوت آزادی لیکر دیتی ہے بلکہ آزادی کیلئے جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ آزاد قوموں کی تاریخ سے راہنمائی لیتے ہوئے قانونِ فطرت کے عین مطابق اپنی حالت کو تبدیل کرنے کیلئے خود کھڑا ہونا پڑتا ہے۔مقررین نے کہا کہ پاک بھارت گٹھ جوڑ اور ریاست کی بندر بانٹ ہماری تاریخی قربانیوں کو دفن کرنے اور ہماری نسلوں کو مستقل غلامی میں رکھنے کے مترادف ہے۔ریاست کے عوام نے ریاست کی وحدت کی بحالی اور آزادی کیلئے لاکھوں جانیں قربان کی ہیں۔ چار ہجرتوں کے کرب برداشت کیے ہیں اور ہماری چار نسلیں در بدر ہوئی ہیں ہم کیسے کسی طالع آزما اور لٹیروں کو بھائی چارے اور نام نہاد پشتی بانی کے نام پر ریاست کو تقسیم کرنے دے سکتے ہیں۔ یہ ہماری نسلوں کی بقا کی جنگ ہے۔ لبریشن فرنٹ کے قائدین نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ریاست پر اپنے اپنے غیر قانونی اور جابرانہ قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے عوام کو تشدد اور دہشت گردی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ کوٹلی سے لبریشن فرنٹ کا لٹریچر اٹھانا بھی انہی سازشوں کی ایک کڑی ہے۔

قابض ممالک تشدد کو فروغ دیکر تحریکوں کو کچلنے کی پالیسی پر گامزن ہیں اس لیے ریاست کے عوام اور لبریشن فرنٹ کے کارکنان کو پرامن عوامی سیاسی و سفارتی مزاحمت سے یہ جنگ جیتنی ہے اور قابض و قاتل افواج کے عزائم کو خاک میں ملانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آزادی کے نعروں کو اپنے گھروں، محلوں، دفتروں، کاروباری جگہوں اور گھر گھر میں پھیلائیں اور ظلم کی طویل رات کے خاتمے کیلئے پرامید ہو کر جدوجہد کریں، نامردی، کم ہمتی اور بزدلی کو اپنی صفوں سے دور کریں اور منظم و متحد ہو کر قابض ممالک کے انخلاء کیلئے آواز بلند کریں۔انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کا ہر کارکن ظلم و بربریت کے اس گھٹا ٹوپ اندھیرے میں روشنی کا چراغ اور امید کی کرن ہے۔ لبریشن فرنٹ ریاست کے عوام کو کبھی مایوس نہیں کریگا اور ہر طرح کی اندرونی و بیرونی سازشوں، تحریک پر اور لبریشن فرنٹ پر قابضین کے حملوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی منزل کی طرٖ ف بڑھے گا۔ سفارتی شعبہ بجے سربراہ قیوم راجہ نے سفارتی جد و جہد کے بنیادی اصولوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی جد و جہد کا ایک مخصوص انداز ہوتا ہے۔ سفارتی معاملات پر سیاسی تقریبات میں زیادہ بحث مناسب نہیں ہوتی لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا ہو گا کہ آزادی کی تحریکوں کو آزاد بیانیہ کے بغیر سفارتی حمایت نہیں ملا کرتی ۔ نومنتخب تحصیل باڈی سے ضلعی صدر ایاز کریم نے حلف لیا۔کنونشن سے ایس ایل ایف کے سابق چیرمین انجینئر جلیل فرید،گلف زون کے راہنما راجہ ولید عبداللہ، افتخار بٹ، شکیل بٹ، سعد گروال،فریام ملک، نقیب راجہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تعارف: raztv

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*