تحریر : ابوعکراش
دنیا کی رعنائیاں ، رنگینیاں اور خوشیاں میل ملاقات باہمی تعلقات کی بنیاد پہ قائم ہیں، دنیا سے اگر ان خصوصیات کو منہا کیا جائے تو ایک پھیکی سی دنیا آپ کے سامنے ہوگی جو کسی قیمت پہ ہمیں قبول نہیں ہوگی۔ڈپریشن کو ختم کرنے کا بہترین علاج ہنسی خوشی والی زندگی ہے۔ہنستا مسکراتا انسان سکون والی لمبی زندگی جیتا ہے۔انہی خوشیوں ، مسکراہٹوں کے ملاپ کا ایک بہترین ذریعہ دعوتِ طعام ہے جہاں دو چار دوست مل بیٹھ کر مسکراہٹوں کا تبادلہ کرتے ہیں اور کھانا تناول کرتے ہیں، جسے عرفِ عام میں "مفتا” کہا جاتا ہے۔
مفتا کھانے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ آپ جانے انجانے کے سامنے بیٹھ جائیں کہ وہ آپ کی خاطر تواضع کرے ، ہر ایرے غیرے سے مفتا وصول کرنے والا بھکاری کہلاتا ہے 😕مفتا کھانے کے لئے پہلے تعلقات بنانے پڑتے ہیں پھر جا کر کہیں کام بنتا ہے ۔ اور پھر ایسا بھی نہیں ہے کہ ہر وقت ، ہر جگہ آپ خود کو مہمان قرار دے کر دوست کی جیب پہ ڈاکے ڈالتے رہیں۔ مفتا خوشیوں کی ادلہ بدلی کا نام ہے ، جہاں ایک مرتبہ کھا کر چار مرتبہ کھلانا پڑتا ہے۔ پھر بلاشبہ آپ اسے فیس بک پہ مفتا کھانے کا نام دے دیں، کوئی منع نہیں ہے۔
ہاں یاد آیا کہ یہاں ہماری دیواروں پہ جو زندہ باد مردہ باد کے نعرے درج ہیں یہ بھی مفتے ہی کی مرہون منت ہیں ورنہ بے جان دیواروں کا کیا قصور جو ہم نے ان کے منہ کالے کئے ہوئے ہیں ، اپنے کالے کرتوتوں کی بھڑاس دیواروں پہ نکال کر صرف مفتا وصول کرنا ہوتا ہے ، ورنہ ان نعروں کے پیچھے کوئی نظریہ یا عقیدہ کارفرما نہیں۔ لوگوں کا ہجوم جمع کرنا ہو تو صرف اتنا اعلان کردیں کہ فلاں ٹائم بریانی تقسیم ہوگی پھر دیکھیں کتنے لوگ جمع ہوتے ہیں،میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ چہارسو آپ کے نام کا طوطی بولتا رہے گا ۔ جہاں آپ مفتے کے خاتمے کا اعلان کریں گے وہاں پیچھے مڑ کر دیکھنا کوئی ایک بندہ بھی نظر نہیں آئے گا 😅جو کہہ رہے تھے قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں وہ مفتے کے خاتمے پہ گھر پہنچ چکے ہوں گے ، بھئی یہ مفتے ہی کے کمالات ہیں جو سیاسی جلسے جلوسوں میں رش نظر آتی ہے ۔ ورنہ ہماری عوام نے شعور سے تو کب کا اعلان جنگ کر رکھا ہے ۔
یہ مفتا انتہائی خطرناک ہے ایسے مفتوں سے ہمیشہ بچتے رہا کریں اگر ایسا کوئی ارادہ کر بھی لیا تھا تو فوراً ترک کردیں کیوں کہ سیاسی مفتوں کے چکر میں عزت کو خدا حافظ کہنا پڑے گا ۔
اگر آپ حقیقی مفتے کھانا چاہتے ہیں تو اس کا واحد حل یہی ہے کہ پہلے تعلقات بنائیے اور لوگوں کو اپنے قریب لائیں انہیں اپنا دوست بنائیں انکی عزت نفس کا خیال رکھیں انہیں احترام دیں پھر دیکھیں لوگ آپ سے تعلقات پہ فخر کریں گے ، آپ کی قسمت میں مفتے ہی مفتے ہوں گے ، لیکن یہ سلسلہ صرف مفتا کھانے تک محدود بھی نہ ہو بلکہ اپنے جیب کو بھی وقتا فوقتاً ہاتھ لگاتے رہیں ، خرچ کرتے رہیں۔ آپ کی زندگی پر سکون گزرے گی۔
آپ کے دوست آپ کا سرمایہ ہیں ان کو سنبھال کر رکھیں یہ وہ انمول موتی ہیں جہاں تمام سکے بے کار ہو جاتے ہیں وہاں یہ دوستی والا سکہ چلتا ہے۔ ہمارا ایک دوست کہا کرتا ہے لوگوں نے مال و دولت کمانے کو کامیابی قرار دیا ہوا ہے میں مال کے بدلے لوگ جمع کرتا ہوں۔اور حقیقت بھی یہی ہے کہ مال جمع کرنے سے کچھ نہیں ہوگا لوگ جمع کریں اور انہیں اپنے پاس بلائیں پھر دیکھیں آپ کا شمار کہاں ہوتا ہے۔
مختصر بات یہ کہ مفتا کھانا ہر ایرے غیرے کا کام نہیں، مفتا کھانے کے بس یہی دو طریقے ہیں یا تو زندہ باد مردہ باد کے نعرے لگا کر روڈوں پہ مفتا نصیب ہوتا ہے یا پھر بھائیوں جیسے دوست بنا کر بہترین ماحول میں ہنسی خوشی مفتا تناول کیا جاتا ہے۔ پہلے مفتے میں آپ کو اپنی عزت گروی رکھنا پڑتی ہے اور دوسری قسم کے مفتے میں کھلانے والا سعادت سمجھتا ہے ۔