"بیگانی شادی" سید فرحان الحسن

محبت کیا ہے ؟ سید فرحان الحسن

تحریر : سید فرحان الحسن

انسان دنیا میں مختلف لوگوں کے ساتھ زندگی گزارتا ہے، ان میں سے کچھ لوگوں کو وہ پسند کرتا ہے اور کچھ لوگوں کو ناپسند کرتا ہے، انسان اپنے آپ سے وابستہ کچھ لوگوں سے محبت بھی کرتا ہے، کہا جاتا ہے کہ محبت ہر قید و بند سے آزاد ہوتی ہے، میرا ذاتی خیال ہے کہ محبت تو ہر قید و بند سے آزاد ہوتی ہے مگر محبوب قید ہو کر رہ جاتا ہے، اور اس کو قید کرنے والا وہی شخص ہوتا ہے جو اس سے محبت کا دعویدار ہوتا ہے، اور محبوب کا جرم صرف اتنا ہوتا ہے کہ اُس سے کسی کو محبت ہو گئی ہے۔

شمائلہ پہلے دن ہی راحیل کو بتا دیتی ہے کہ اب سے ہر شام راحیل چاند کو دیکھ کر اس کو تین مرتبہ آئی لو یو بولے گا، دوسری جانب راحیل یہ چاہتا ہے کہ شمائلہ کا جو ایک ہینڈسم کزن ہے شمائلہ اب اس سے بات کرنا چھوڑ دے، شمائلہ چاہتی ہے کہ صبح جب وہ نیند سے بیدار ہو تو اس کے موبائل پر راحیل کا ایک محبت بھرا پیغام پہلے سے موجود ہو، جبکہ راحیل چاہتا ہے کہ دن کے چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے سات دن وہ جب بھی شمائلہ کے نمبر پر کال کرے اس کو کبھی شمائلہ کا نمبر مصروف نہ ملے، غرضیکہ دونوں طرف سے توقعات کے انبار لگا دیئے جاتے ہیں۔

شروعات میں یہ توقعات کافی حسین نظر آتی ہیں اور ان کو محبت کی نشانی کے طور پر گردانا جاتا ہے، مگر جب رفتہ رفتہ یہ توقعات پوری نہیں ہوتیں تو شمائلہ کو راحیل زہر لگنے لگتا ہے، جبکہ وہی راحیل جو خواب میں شمائلہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے رات گئے تک ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر چلے کاٹا کرتا تھا اب روزانہ رات کو درود شریف اور آیت کریمہ کا ورد کر کے سوتا ہے کہ کہیں اس کو خواب میں شمائلہ نظر نہ آجائے۔

وہ لوگ جو محبت کی فیلڈ میں اپنا کیریئر شروع کرنے کے لئے بے تاب ہیں اور پر تول رہے ہیں ان کو میرا ذاتی مشورہ ہے کہ محبت ضرور کریں، مگر اپنی اس محبت میں توقعات کم سے کم رکھنے کی کوشش کریں، اپنے محبوب کے گلے میں پڑا اپنی توقعات کا پٹہ کھول کر دیکھیں، یقین جانیئے وہ کبھی کہیں نہیں بھاگے گا، بصورت دیگر وہ اُس طوطے کی طرح اُڑنے کو پر تولتا رہے گا جو چوری تو بہت شوق سے کھاتا ہے، لیکن آپ ایک دن پنجرہ بند کرنا بھول جائیں وہ پُھر سے اُڑ جائے گا۔۔۔۔ کیونکہ آپ کی اُس سے محبت نے اُس کو قید کے سوا کچھ نہیں دیا۔

تعارف: raztv

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*