ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

شیخوپورہ : ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات ، کنٹرول رومز کا قیام اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر احسان الحق ، اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن سعدیہ جمال سمیت تمام متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں محرام الحرام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اصغر جوئیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرام الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائی جائے اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام میں لاﺅڈ سپیکر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل در آمد کروایا جائے۔

ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے وقت کی پابندی کروائی جائے اور ضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم کیے جانے والے کنٹرول رومز میں مجالسوں اور جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے ۔ مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور جلوسوں کے روٹ پر پولیس کی وافر نفری تعینات کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والے عناصر کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ کسی کو بھی مذہبی دل آزاری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام رواداری ،محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنا پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور امن کو فروغ دینا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکار بہترین کوآرڈینیشن کے ذریعے فرائض سر انجام دیں۔

پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کے اراکین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و عامہ کی فضا کو بر قرار رکھنے کے لئے ہر متعلقہ محکمہ اپنا اپنا کردار ادا کرے۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے دعا کی گئی۔

تعارف: raztv

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*