اسلام آباد : صدر مملکت عارف علوی سمیت سیاسی رہنماؤں نے بھارتی اداکاردلیپ کمارکی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور مداحوں سے تعزیت کی۔
تفصیلات کے مطابق لیجنڈ اداکار دلیپ کمار ( محمد یوسف) انتقال کرگئے، ان کی عمر 98 سال تھی ، صدر عارف علوی سمیت سیاسی رہنماؤں نے اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
صدرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دلیپ کمارعمدہ اداکار،رحم دل اورباوقارشخصیت کےمالک تھے، دلیپ کمارکےاہل خانہ اور مداحوں سےتعزیت کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹوئٹر بھارتی اداکاردلیپ کمارکی وفات پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا دلیپ کمار عہد ساز فنکار تھے،متبادل ممکن نہیں ، ملاقاتوں میں بھی میں نے یوسف خان کو سحر انگیزشخصیت پایا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھارتی اداکاردلیپ کمار کی وفات پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوسف خان کافنی سفر فلمی دنیا کا یادگار ترین دور ہے ، دلیپ کمارنے ناقابل فراموش کردار نبھائے ، دلیپ بعض فلموں کو جتنی شہرت ملی، کسی اور کو نہ مل سکی۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی عظیم فنکاردلیپ کمار کےانتقال پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا دلیپ کمارباکمال صلاحیتوں کےحامل فنکار،منکسرالمزاج شخصیت تھے، دلیپ کمار کےانتقال سےپیداہونےوالاخلاکبھی پر نہیں ہوسکتا۔
وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ دلیپ کمار کی وفات فلمی دنیا کے ایک سنہری عہد کا خاتمہ ہے، جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے دلیپ کمار کا نام دلوں کی دھڑکن ہے، دلیپ کمارکی وفات فلمی دنیا کے لیےبڑا نقصان ہے
سابق صدر آصف زرداری نے بھی برصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر اپنے بیان میں کہا دلیپ کمار مدتوں تک مداحوں کے دل میں زندہ رہیں گے ، ان کے انتقال پر ہر دل افسردہ ہے۔
آصف زرداری نے مرحوم دلیپ کمار کی مغفرت اور بلند درجات کیلئےدعا کرتے ہوئے ان خاندان اور ان کے مداحوں سے اظہار تعزیت کیا۔