اسلام آباد: وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ 40 لاکھ غریب ترین لوگوں کو یہ بلاسود قرضے دئیے جائیں گے۔
پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ہر کام اللہ کے فضل سے ہوتا ہے، اور اللہ ہی نے ہمیں وسیلہ بنایا اور ہم نے کل گروتھ بجٹ پیش کیا، معاشی بہتری کے اثرات عام آدمی تک پہنچیں گے، غریب کے ساتھ ہم نے سیاست نہیں کرنی وہ جہاں بھی بیٹھا ہے وہ غریب ہے، اس حکومت کا عزم ہے کہ غریب عوام کو ٹریکل ڈاوٴن اثرات کا سامنا کرنا نہیں پڑے گا، لوگوں کو یہ بات سمجھ نہیں آتی 74 سالوں میں جو نہیں ہوا وہ ہورہا ہے۔
شوکت ترین نے کہا کہ ہمیں سروے غیرسیاسی بنیاد پر کرنا ہے، وسائل بینکوں کے پاس ہوتے ہیں، حکومت کے پاس فسکل اسپیس نہیں ہوتی، ہم نے یہ سوچا وسائل جو تقسیم ہونے ہیں وہ بینکنگ کے شعبے میں ہیں، کمرشل بینک نہ تو غریب کے گھر کے نزدیک ہوتے ہیں اور نہ چھوٹے کاشتکار کے نزدیک، چھوٹے قرضوں سے ننانوے فیصد ریکوری کا تجربہ کرچکے ہیں، یہ بتا دیا جائے گا کہ کون سے گھرانے اہداف میں شامل ہیں، 40 لاکھ گھرانوں کو چھوٹے قرضوں کی فراہمی پہلے مرحلے میں اس پروگرام کے تحت ہوگی، اس میں سیاست نہیں ہوگی ملک کے ہر کونے کے شہری ہو شامل کیا جائے گا۔