تحریر : اکمل سومرو
سکھ مذہب کو چھوڑ کر اسلام قبول کرنے والا بوٹا سنگھ دُنیا کی سب سے بڑی برطانوی ایمپائر کے لیے خوف کی علامت بن گیا، اس برطانوی ایمپائر نے ہندستان سے لے کر افغانستان، روس، تُرکی اور پھر حجاز مقدس تک مولانا عبیداللّٰه سندھی کی کھوج لگائی۔ یہ امام شاہ ولی اللّٰه کے فکر کی طاقت اور شیخ الہند جیسے اُستاد کی توجہ تھی جس نے سندھی کو پیتل سے سونا اور خاک سیاہ سے ہیرا بنا دیا۔
برطانوی ایمپائر جس شخص کو اپنا سب سے بڑا دُشمن تصور کرتی ہے اور اپنی ایمپائر کے لیے خطرہ مانتی ہے، اُس عبیداللّٰه سندھی کی طاقت، سیاسی بصیرت اور عالمی اثر پذیری کو مرتے دم تک چیلنج نہیں کیا جا سکا۔ سندھی کو قدرت نے جو دیدہ بینا، چشم حقیقت نگر عطا فرمائی تھی اس کا یہ مطالبہ تھا کہ دریا میں طغیان و سیلاب کا تموّج دیکھ کر لب ساحل آنکھیں بند کیے بیٹھے رہنا اور پسر نوح کی طرح اپنے ہاتھ پاؤں پر بھروسہ کرنا قرین دانش مندی اور شیوہ مصلحت شناسی نہیں ہے، عبیداللّٰه سندھی نے محسوس کیا کہ جنگ عظیم اول نے دُنیا کی تہذیب و تمدن کے نقشے بدل دیے۔
ایشیاء پر یورپ کے سیاسی اقتدار کا پنجہ مضبوطی سے جم گیا ہے، نظامات کہن کی قبا پارہ پارہ ہو گئی ہے، پرانا فلسفہ، پرانی روایات اور پرانا انداز تخیل سب انقلاب کی طوفانی موجوں میں خس و خاشاک کی طرح بہتے چلے جا رہا ہے۔ صرف مسلمان ہونے پر قناعت نہیں کی بلکہ سندھی نے اسلام کی اصل روح، تعلیمات میں بصیرت حاصل کی۔
امیر امان اللہ کو افغانستان میں آزاد اسلامی جمہوریہ افغانستان کا بادشاہ بنوایا، برطانوی حکومت سے معائدہ کرا کر اسے تسلیم کرایا اس معائدے پر دستخط کیے، اس معائدے یا صلح نامہ پر برطانوی نمائندے مسٹر ہمفرے نے دستخط کرتے ہوئے کہا کہ “یہ افغانستان کی فتح نہیں بلکہ مولانا عبیداللّٰه سندھی کی فتح ہے۔”
یہ وہی عبیداللّٰه سندھی تھے جنہیں انگریز حکومت تحریک ریشمی رومال کا مرکزی کردار ہونے کی بناء پر تلاش کر رہی تھی جس کی عدم موجودگی میں حکومت ہند نے انھیں پھانسی کی سزا کا حکم سنایا تھا آج یہی برطانوی ایمپائر عبیداللّٰه سندھی کے ساتھ کابل میں معائدہ کر رہی ہے یہ مولانا سندھی کی سیاسی و جماعتی طاقت و بصیرت کا درجہ کمال تھا جبکہ اُس وقت ہندستان کے کسی بھی لیڈر کو عالمی سطح پر یہ حیثیت میسر نہیں تھی۔
کابل میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے حکومت موقتہ ہند قائم کی اور وزیر ہند منتخب ہو کر روس حکومت سے معائدے کیے، سندھی کی سفارتی کوششوں سے سب سے پہلے روس کی لینن حکومت نے افغانستان کی اس آزادی کو تسلیم کیا اور کابل حکومت کو روس جیسی عظیم طاقت کے برابر لا کھڑا کیا۔
ایک معائدے کی رو سے روس دس سال تک بلامعاوضہ ہندستانی افواج کو فنی تربیت دے گا پھر 1917ء سے لے کر 1919ء تک حکومت برطانیہ، روس اور تُرکی کے ساتھ جو معائدے ہوئے وزیر ہند کی حیثیت سے ان پر دستخط کیے۔
عبیداللّٰه سندھی فرماتے ہیں کہ ان دنوں میں کابل سیاسی باغیوں کے لیے سوئزر لینڈ بنا ہوا تھا اور یہاں پر جرمنوں کے ساتھ گہرے تعلقات بنے۔ کابل سے روس، پھر وہاں سے تُرکی اور حجاز مقدس چلے گئے۔ برطانوی ایمپائر نے سندھی کو باغی اور مجرم ڈیکلیئر کر رکھا تھا چنانچہ 25 سال تک سندھی جلا وطن رہے اور ہندستان داخلے پر پاپندی عائد تھی۔ انڈین نیشنل کانگریس نے 1937ء کے الیکشن کے بعد اور لیجیسلیٹو کونسل آف انڈیا نے مولانا سندھی کی ہندستان واپسی کے لیے متعدد قرار دادیں پیش کی لیکن انگریز سندھی کی واپسی پر آمادہ نہ ہوا۔
سندھی فرماتے ہیں کہ وہ 1939ء میں اچانک جدہ چلے گئے اور بغیر کسی اطلاع کے کونسلر کے دفتر پہنچ گئے، کونسلر نے مجھے جب دیکھا تو فوراً کھڑا ہو گیا، ہاتھ ملایا اور انگریزی میں بار بار کہتا رہا آپ، آپ! میں حیران ہوں کہ آپ نہ آنے والے کیسے آ گئے، میں نے اُسے جواب دیا کہ خود بھی حیران ہوں کہ ایسا سب کچھ کیسے ہو گیا، اس نے بٹھایا چائے مگنوائی، خیر و عافیت دریافت کی اور کہا کہ میرے لائق کوئی خدمت؟ آپ ہندستان جانا چاہیں گے؟
میں نے کہا کہ ہاں مگر یہ بات ممکن نہیں کیونکہ برٹش ایمپائر کا جنگی مجرم ہوں، آپ کی حکومت مجھے کیسے ہندستان واپس جانے دے گی، اس نے فون اُٹھایا اور کہا کہ میں وائسرائے ہند لنلنتھگو سے بات کرتا ہوں، اس نے میرے سامنے بات کرتے ہوئے وائسرائے ہند سے کہا کہ مولانا عبیداللّٰه سندھی اس وقت میرے دفتر میں میرے پاس بیٹھے ہیں، وہ ہندستان واپس جانا چاہتے ہیں آپ اگر اجازت دیں تو پاسپورٹ جاری کر دوں؟
اس کو جواب کے لیے چند منٹ انتظار کرنے کے لیے کہا، آدھا گھنٹے بعد گھنٹی بجی تو وہ خوش ہو گیا کہ وائسرائے ہی اس سے بول رہے تھے۔ اس نے کہا کہ عبیداللّٰه سندھی ہند گورنمنٹ کے نہیں تاجِ برطانیہ کے مجرم ہیں اس کے لیے میں نے برطانوی بادشاہ سے بات کی ہے۔
برطانیہ کے بادشاہ جارچ ششتم جیرلڈ کیلی نے کہا کہ مولانا سندھی کی ضمانت وائسرائے ہند اگر دے دیں تو وہ ہندستان واپس آ سکتے ہیں۔ وائسرائے ہند ایسے شخص کی ضمانت دینے کے لیے ہرگز تیار نہیں جو تاج برطانیہ کا مخالف ہو، یہ سُن کر اس نے نہایت افسردگی سے فون رکھ دیا اور کہا کہ آپ نہیں جا سکتے۔
مولانا سندھی فرماتے ہیں کہ اس نے یہ پوری تفصیل بتائی تو میں نے کہا کہ ضمانت کا عمل اس طرح سے نہیں جس طرح تمہارے تاج نے بتایا ہے کہ وائسرائے ہند ضمانت دے دے، حجت تمام ہو گئی۔ اس وقت ملک ہوم رول کی حد تک آزاد ہے، لیجیسلیٹو حکومت بنی ہوئی ہے، لوگوں کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے، ہر صوبہ کی حکومت پر حکومت کے نمائندہ کی حیثیت سے گورنر ہی حکومت کی نگرانی کرتے ہیں۔
اس جمہوری عمل کی روشنی میں میری ضمانت گورنمنٹ سندھ گورنر سندھ کو دے کیونکہ یہ ایک آئینی اور منتخب حکومت ہے اس کی آئینی حیثیت ہے چونکہ میں سندھی ہوں اس لیے میرے اچھے اور بُرے کردار کے متعلق میری ہی گورنمنٹ سے پوچھا جائے گا نہ کہ وائسرائے ہند سے۔
گورنمنٹ سندھ کی ضمانت کے بعد گورنر سندھ وائسرائے ہند کو ضمانت دیں اور وائسرائے ہند ملکہ معظم کو میری ضمانت دیں۔ سندھی فرماتے ہیں کہ میں نے کہا کہ میری ضمانت سندھ حکومت ہی دے سکتی ہے کیونکہ میں باغی ہوں تو یہ سُن کر اس نے مزید تفصیل دریافت کی پھر اس نے اسی وقت وائسرائے ہند کو بتایا اور وائسرائے ہند نے اسی وقت ملکہ معظم کو تفصیل بتا کر اس عمل کو جاری رکھنے کی منظوری لے کر کونسلر کو بتا دیا۔
اب کونسلر نے یہ تمام تفصیل گورنر سندھ کو بتائی اور گورنر سندھ نے اللہ بخش سومرو سے تمام باتیں کیں اور ان سے دریافت کیا کہ گورنمنٹ مولانا سندھی کی ضمانت دینے کو تیار ہے؟
وزیر اعظم سندھ اللہ بخش خان سومرو یہ سُن کر بہت خوش ہوئے انھوں نے فوراً اجلاس بلایا اور اسمبلی کے اجلاس میں ضمانت کا فیصلہ ہوا اسی طرح وزیر اعظم سندھ اللہ بخش سومرو نے گورنمنٹ سندھ کی طرف سے گورنر سندھ کو حضرت سندھی کی ضمانت دی اور گورنر سندھ نے وائسرائے ہند کو پھر وائسرائے ہند ملکہ معظم کو ضمانت دے کر پاسپورٹ کی منظوری لی۔
یہ تمام کام چار گھنٹے کے اندر ہوا اور اتنا عرصہ کونسلر نے مجھے اپنے پاس رکھا اور جب تک میرے ہاتھ میں پاسپورٹ نہیں دیا مجھے رُخصت نہ کیا یہ سب کچھ میرے رب کی غیر معمولی طاقت کا کرشمہ ہے کہ رب نے مجھ جیسے کمزور انسان کی آبرو کا ایک بار پھر بھرم رکھ لیا، سب تعریفیں واحد لاشریک میرے رب ذوالجلال کی ہیں جو اپنے کمزور بندوں کو طاقتور بنا کر بادشاہوں کے مقابلہ میں لا کھڑا کر دیتا ہے۔
مولانا سندھی فرماتے ہیں کہ میرے پاسپورٹ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پوری دُنیا میں پھیل گئی، مدینہ شپ اسی رات کو کراچی کے لیے حجاج کو لے کر روانہ ہونے والا تھا جب ان کو میرے پاسپورٹ کا علم ہوا تو کمپنی والے آ گئے کہ آپ ہمارے شپ پر سفر کریں، میں نے انھیں بتایا کہ میرے پاس کرایہ نہیں اور بغیر کرایہ کے سفر نہیں کروں گا انھوں نے کہا کہ کرایہ ہم لیں گے ہی نہیں۔
ہم اعزازی طور پر لے جانا چاہتے ہیں۔ آخر اس کوشش میں ان کا شپ لیٹ ہو گیا پھر ہم نے اس شرط پر سفر کرنا پسند کیا کہ کراچی پہنچنے پر ہم آپ کو کرایہ ادا کر دیں گے اور وہ آپ ہر صورت لیں گے۔
وہ کہتے ہیں کہ جو لوگ میرے ساتھ مکہ میں تھے اُن کے لیے پاسپورٹ کا بندوبست کیا اس کے بعد مولوی احمد علی لاہوری، مولانا حسین احمد مدنی دار العلوم دیوبند، بیگم صاحبہ سیٹھ عبداللہ ہارون کراچی، مولانا صادق محمد کھڈہ کراچی اور دین پور شریف اپنی بیٹی کو خط لکھے۔ 20 مارچ 1939ء کو جدہ سے روانہ ہوئے اور 29 مارچ کو کراچی بندر گاہ پر جہاز لنگر انداز ہوا۔
بندرگاہ کے پلیٹ فارم پر خان بہادر اللہ بخش خان سومرو وزیر اعظم سندھ اپنے چند افسروں کے ساتھ موجود تھے، انھوں نے حضرت لاہوری کو پلیٹ فارم پر آنے کے لیے بلوایا، اتنے میں جہاز سے اعلان ہوا کہ حجاج کرام اُترنے کے لیے جلدی نہ کریں، مولانا عبیداللّٰه سندھی سب سے پہلے اُتریں گے جب وہ اُتر جائیں گے تو ہم سیڑھیاں لگا دیں گے پھر آپ اُتر جانا۔
اتنے میں ایک فوجی جیپ آئی اور سیڑھی ہی کے قریب ایک گورا فوج کے جرنیل کو چھوڑ گئی، چند منٹ بعد وہی جیپ آئی اور انھیں لے گئی اتنے میں حضرت سندھی سیڑھیوں پر نمودار ہوئے، ایک اور فوجی جیپ آئی، ڈھیر سارے میڈلز پہنے فوجی جرنل اُترا سیڑھی کے سامنے کھڑا ہو گیا، حضرت سندھی کے ہاتھ میں پاسپورٹ تھا، قریب آئے تو جنرل نے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا، سندھی نے اپنا پاسپورٹ اسے دے دیا خود رُک گئے، اس نے پاسپورٹ دیکھا چند کاغذات اس کے ساتھ ملائے پھر حضرت سندھی سے دستخط لیے اور پاسپورٹ بند کر دیا۔
اس نے چند قدم پیچھے ہٹ کر پھر آگے قدم بڑھایا اور مولانا سندھی کو سیلوٹ کیا اور چلا گیا۔ مولانا سندھی سب سے پہلے اللہ بخش سومرو سے ملے، انھیں بوسے دیے۔ مولانا صادق محمد، احمد علی لاہوری سے ہاتھ ملایا پھر پبلک نے حضرت کو کاندھوں پر اُٹھا لیا، خاکسار تحریک، مجلس احرار، آل انڈیا نیشنل کانگریس اور مسلم لیگ اور نیلی پوش کے رضا کاروں نے باری باری سلامی دی۔