کراچی: چین اسٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان نے داخلی سطح پر تجارتی بحران سے بچنے کے لیے عید کی خریداری میں 12 مئی تک نرمی کی درخواست کردی ہے۔
وفاقی حکومت نے کویوڈ ۔19 کی جاری تیسری لہر کو توڑنے کے سلسلے میں 8 مئی سے شروع ہونے والی عید کی سب سے طویل تعطیلات سمیت “اسٹیم ہوم اسٹف سیف” پابندیوں کا اعلان کرچکی ہے۔
چین اسٹور ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محبوب نے ایکسپریس کو بتایا کہ جی ڈی پی کی نمو میں تیز رفتاری کے ساتھ اضافے کے لیے ہر کاروباری مواقع سے استفادہ کرنا چاہٸیے، جی ڈی پی نمو موجودہ حکومت کی بھی اولین ترجیح ہے ، مختصر اوقات اور کم ایام پہلے ہی بڑے پیمانے پر ہجوم کا نتیجہ بن چکے ہیں جس سے صارفین اور ملازمین کے لئے خطرات بڑھ چکے ہیں جیسا کہ پہلے بتایا گیا تھا، ہجوم کے باوجود ، زیادہ تر رییٹلرز کاروبار کرنے کے قابل نہیں ہیں کیونکہ وہ ایک وقت میں صرف چند گراہکوں کو سنبھال سکتے ہیں اور ایس او پیز پر عمل کروا سکتے ہیں۔
گزشتہ دس دنوں میں عید شاپنگ کا تقریبا 70 سے 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ اس سال پورے ملک میں عید شاپنگ کا مجموعی حجم تقریبا 600 تا 700 ارب روپے ہے۔ اس طرح ، گذشتہ دس دن کی خریداری کا حصہ لگ بھگ 430 سے 560 ارب روپے تک آتا ہے، اس شعبے کی نمائندہ تجارتی تنظیم کی حیثیت سے کیپ کا اندازہ ہے کہ عید خریداری کے آخری دس دن سے سیلز اور انکم ٹیکس میں کم از کم 30 سے 40 ارب ٹیکس محصول وصول ہوگا۔