سلیکان ویلی: مائیکروسافٹ کارپوریشن پر خصوصی نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ کے اگلے اور جدید ترین آپریٹنگ سسٹم ’’ونڈوز 11‘‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی ہے جسے ایک ویڈیو میں چھپایا گیا ہے۔
گزشتہ روز یعنی 10 جون 2021 کے روز یوٹیوب پر مائیکروسافٹ کی جانب سے شائع ہونے والی یہ ویڈیو ٹھیک گیارہ (11) منٹ کی ہے جس میں مختلف ونڈوز آپریٹنگ سسٹمز شروع ہونے کی موسیقی انتہائی ’’سلو موشن‘‘ میں سنی جاسکتی ہے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ اگلے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا نام کیا ہوگا لیکن مائیکروسافٹ کی جانب سے ’’11‘‘ کی تکرار دیکھ کر یہی کہا جارہا ہے کہ شاید اس آپریٹنگ سسٹم کا نام ’’ونڈوز 11‘‘ ہوگا۔
یہ بات اس لیے بھی کہی جارہی ہے کیونکہ ونڈوز کے حوالے سے مائیکروسافٹ نے اپنی تقریب 24 جون کو، امریکی وقت کے مطابق دوپہر 11 بجے منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہی نہیں بلکہ اس ویڈیو میں کھڑکی (ونڈوز 10 لوگو) سے فرش پر پڑنے والا عکس ’’11‘‘ کی طرح دکھائی دے رہا ہے جو ممکنہ طور پر ونڈوز 11 کا ایک اشارہ ہے۔
نام سے قطع نظر، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مائیکروسافٹ میں آپریٹنگ سسٹم کے منصوبے ’’سن ویلی‘‘ کی کچھ نہ کچھ خصوصیات اس نئے آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بھی بنائی جائیں گی۔